اسلام آباد: (جیو ڈیسک) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے حالات یہاں تک پہنچ گئے ہیں کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر صدر کو میٹنگ کرنی پڑی۔ یہ وزیر اعظم کے کرنے کے کام ہیں۔ جب کسی معاملے پر صدر نوٹس لے تو یہ ٹوٹل بریک ڈاؤن ہوتا ہے۔
سپریم کورٹ میں چیچوں کی ملیاں نندی پور پاور پراجیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منصوبوں میں تاخیر اور نقصان کی ذمہ دار وزارت قانون ہے۔ عدالت نے سیکرٹری کیبنٹ کو ہدایت کی رپورٹ پڑھ کر بتائیں کس کے خلاف کارروائی کرنی ہے۔ چیف جسٹس نے وزارت قانون کے وکیل کو بھی ہدایت کی کہ رپورٹ پڑھنے کے بعد پاور پراجیکٹ میں تاخیر کے ذمہ داروں کی فہرست سات دن میں عدالت میں جمع کرائی جائے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ تاخیر کے ذمہ داران کو نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی گئی۔