واشنگٹن امریکا کی ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار مٹ رومنی نے کہا ہے کہ بارک اوباما کی پاکستان، افغانستان اور مشرق وسطی میں کوئی اسٹریٹجی نظر نہیں آتی، صدر اوباما کئی معاملات میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار مٹ رومنی نے ورجینیا ملٹری انسٹی ٹیوٹ سے خطاب میں کہا کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت بڑا کارنامہ ہے، مشرق وسطی میں اپنے نئے دوست بنانا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بہت سے بہادر فوجیوں نے امریکا سے باہر اپنی جانیں نچھاور کیں، بیرون ملک ہمارا مشن امن ہے، امریکا کے سفارتخانوں پر حملے اور امریکی سفارتکاروں کا قتل انتہائی افسوسناک ہے، امریکی جھنڈا ہمارے لئے قابل احترام ہے لیکن مشرق وسطی میں یہ جلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ بن غازی میں ہوا سب نے دیکھا، مشرق وسطی میں انتہا پسندی کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان، عراق، لیبیا ، شام سب جگہ آزادی اور جمہوریت کے خواہاں ہیں، ہم ان تمام ممالک کے دوست ہیں، جو آزاد تجارت چاہتے ہیں، صدر اوباما کئی معاملات میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ مٹ رومنی کا کہنا ہے کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت بڑا کارنامہ ہے، بارک اوباما کی پاکستان، افغانستان اور مشرق وسطی میں کوئی اسٹریٹجی نظر نہیں آتی، امریکا کو لازمی طور پر اعتماد اور یقین کے ساتھ کام کرنا ہوگا، مشرق وسطی میں اپنے نئے دوست بنانا ہیں، ایران کا جوہری ہتھیاروں کا حصول ناقابل قبول ہوگا۔