آئی سی سی (جیوڈیسک) آئی سی سی کی جاری کردہ ہدایات پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے متنازعہ امپائرز ندیم غوری اور انیس الرحمن صدیقی کو ڈومیسٹک سیزن کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں متعلقہ بورڈز کو ہدایت کی گئیں کہ اسٹنگ اسکینڈل کے متنازع امپائرز کو انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک سیزن میں کوئی ذمہ داری نہیں سونپی جائے۔
ندیم غوری کو شیڈول کے مطابق پریذیڈنٹ کپ میں تین میچز سپروائز کرنا تھے۔ اکیس سے چوبیس اکتوبر تک نیشنل بینک اور پی آئی اے کا میچ ، بیس سے تئیس نومبر تک واپڈا اور اسٹیٹ بینک ، ستائیس سے تیس نومبر تک زرعی ترقیاتی بینک اور یو بی ایل کے میچ میں وہ امپائر تھے۔ انیس الرحمن صدیقی کو انٹر ریجنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں دو میچز کیلئے خدمات دی گئی تھیں۔ دونوں امپائرز تحقیقات مکمل ہوجانے تک امپائرنگ نہیں کرسکیں گے۔