پاکستانی امپائر نے الزامات مسترد کر دیئے، عدالت جانے کا اعلان

Nadeem Ghauri

Nadeem Ghauri

پاکستان کرکٹ (جیوڈیسک) پاکستانی امپائر ندیم غوری نے ان پر میچ فکسنگ کے الزامات لگانے والے بھارتی صحافی وینود کاپڑی کے تمام الزامات مسترد کر دیے اور کہا ہے کہ وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ وینود کاپڑی کا کہنا ہے کہ ایڈیٹنگ کے بغیر آنے والی ویڈیو سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔

پاکستانی امپائر ندیم غوری نے کہا ہے کہ ان سے سری لنکن لیگ کیلئے رابطہ کیا گیا تھا ۔انہیں نہیں معلوم تھا کہ انہیں پھنسایا جا رہا ہے ۔ میڈیا پر دکھائی جانے والی ویڈیو میں ایڈیٹنگ کی گئی ہے جبکہ ویڈیو بنانے والے بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ وہ بغیر ایڈیٹ کی گئی ویڈیو دینے کیلئے تیار ہیں۔

وینود کاپڑی نے الزام لگایا کہ ندیم غوری اس بات پر راضی تھے کہ انہیں ایک روز پہلے جس کھلاڑی کی فیور کرنی ہے اس سے ملادیا جائے۔ میچ میں وہ اس کی فیور کرینگے جبکہ ندیم غوری نے اس الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ وہ جلد ہی وینود کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔ بھارتی صحافی نے یہ بھی الزام لگایا کہ ندیم غوری نے پندرہ ہزار ڈالر مانگے تھے اور کہا تھا کہ ان کو پاکستان کیسے لے جانا ہے وہ اچھی طرح جانتے ہیں ۔ ندیم غوری نے اس الزام کی بھی تردید کی اور کہا کہ وینود سے پیسوں کی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔