امریکہ کے ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس جیمز کلیپر نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی نے القاعدہ کیخلاف سی آئی اے سے تعاون بڑھادیا ہے۔ سی آئی اے کی درخواست پر القاعدہ کے اہم رہنما سمیت پانچ ارکان کو گرفتار کیا گیا اور ان سے تفتیش کی بھی اجازت دی گئی۔ امریکی نیوزایجنسی کے مطابق جم کلیپر نے کہا کہ اسامہ بن لادن کیخلاف آپریشن کے بعد دونوں ملکوں کے انٹیلی جنس سربراہوں کی ملاقاتوں کے بعد پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی تعاون کر رہی ہے۔ رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ سی آئی اے کی درخواست پر حال ہی میں پاکستان میں القاعدہ کے متعدد ارکان گرفتار کئے گئے ہیں اور گرفتار دہشتگردوں سے تفتیش کیلئے سی آئی اے کو اجازت دی گئی۔ پاکستان کی طرف سے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملے روکنے کا مطالبہ بھی ترک کردیا گیا ہے۔