چیرمین پی سی بی ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو نمبر ون بنانا اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔ نیاز کرکٹ اسٹیڈیم حیدرآباد کی پچاس سالہ تقریبات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس بہتر بنانے کیلئے اخراجات زیادہ بھی ہونگے تو منظور ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوچ کا انتخاب کرنا کوچنگ سلیکشن کمیٹی کا کام ہے، عبوری کوچ محسن حسن خان اچھے انسان ہیں لیکن کوالیفائڈ کوچ نہیں۔ ذکاء اشرف کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی آمد سے بین الاقوامی ٹیموں کیلئے راہ ہموار ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ تعلقات کی بحالی کیلئے کوششیں کی لیکن خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آسکے اب سفارتی سطح پر اقدامات کررہے ہیں۔ آخر میں انھوں نے نیاز کرکٹ اسٹیڈیم حیدرآباد میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کا بھی اعلان کیا۔