پنٹاگون نے کہا ہے کہ پاکستانی پوسٹ پر حملہ دانستہ نہیں تھا، نیٹو فورسز نے فائرنگ اپنے دفاع میں کی۔ پنٹا گون کے تر جمان جارج لٹل نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران وضاحت کرتے ہو ئے کہا کہ امریکی جنرل اسٹیفن کلارک کا موقف ہے کہ اس علاقے میں پاکستانی چیک پوسٹ نیٹو فورسز کے علم میں نہیں تھی۔ حملہ غیر موثر رابطوں کے سبب ہوا۔ تر جمان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تمام تر پہلوں سے تحقیقات کی گئیں اور60افراد سے تحقیقات ہوئیں ۔ سر حد کے دونوں جانب اعتماد کا فقدان موجود ہے۔ ٹیلی فون کال سے معلوم ہوا کہ پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ ہو گیا ہے،درست صورت حال معلوم کرنے کے لئے روشنی کے گولے بھی پھینکے گئے۔ ترجمان نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں۔ دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ غلطی کا نتیجہ تھا جس کی وجہ نا مکمل نقشے اورپاکستانی اور امریکی حکام کے درمیان رابطوں کی کمی تھی۔ حکام کا کہنا تھا کہ امریکی اور پاکستانی حکام کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے جس کے لئے کام شروع کردیا گیا ہے۔ امریکا نے اپنے دفاع میں مناسب طاقت کے ساتھ کارروائی کی جبکہ غلطیاں دونوں جانب سے ہوئیں۔ بیا ن میں حملہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پرحکومت پاکستان پاکستانی عوام اور شہیدوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔