پاکستان(جیوڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کو قرض واپسی کی مد میں پانچویں قسط یکم اکتوبر کو ادا کرے گا۔اسٹیٹ بینک کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان آئی ایم ایف کو قرض واپسی کی مد میں پانچویں قسط کی ادائیگی آئندہ ہفتے پیر کے روز کرے گا۔ قسط کا مالی حجم 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہوگا۔
پاکستان نے اس سے قبل 24 اگست کو 39 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کی چوتھی قسط آئی ایم ایف کو ادا کی تھی۔۔جبکہ مئی میں 39کروڑ 20 لاکھ ڈالر ادا کئے گئے تھے۔ رواں سال فروری میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو 40 کروڑ 10 لاکھ ڈالر مالیت کی پہلی قسط ادا کی تھی۔ یکم اکتوبر کو پانچویں قسط کی ادائیگی کے بعد پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو واپس کئے جانے والے قرضے کا مالی حجم ایک ارب 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہوجائے گا۔
بینکاری ذرائع کے مطابق پانچویں قسط کا مالی حجم زیادہ نہ ہونے کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر گرنے کا امکان نہیں ہے۔ دوسری جانب پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین پچیس سے تیس ستمبر تک دبئی میں مذاکرات ہوں گے جبکہ اکتوبر میں مذاکرات کا اگلا دور پاکستان میں ہوگا جس میں قرض کی ادائیگی اور نئے قرض کی بابت امور بھی زیر غور آئیں گے۔