پاکستان اسٹیل ملز (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل ملزکی انتظامیہ نے ماہ جولائی 2012کی تنخواہیں تمام ملازمین کو جاری کر دی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر میجر جنرل (ر) محمد جاوید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے پاکستان اسٹیل کے تاریخی دورے کے موقع پر پاکستان اسٹیل کی بحالی و توسیع منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر اہلیان پاکستان کو عید اور یوم آزادی کا تحفہ دیا ہے۔ پاکستان اسٹیل جلد ترقی کی منازل طے کرے گا اور قوم کو خوشخبریاں دے گا۔
یہ بات انہوں نے سی بی اے کے چیئرمین شمشاد قریشی کی جانب سے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان اسٹیل کے اعلی افسران و کارکنان کے علاوہ پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی عہدیداران بھی موجود تھے۔ شمشاد قریشی کی درخواست پر انتظامیہ پاکستان اسٹیل نے ماہ جولائی 2012کی تنخواہیں تمام ملازمین کو جاری کر دی ہیں۔ سی بی اے نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔