لندن : امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین ایڈمرل مائیک مولن نے کہا ہے کہ پاکستان تشدد بھڑکانے کی حکمتِ عملی ترک کرے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ جب تک پاکستان حقانی نیٹ ورک جیسے گروپس کے خلاف کارروائی نہیں کرتا پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان کو تشدد کو ہوا دینے کے لیے آل کار کے استعمال کی پالیسی بدلناہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحدی علاقے دہشتگردی کا مرکز ہیں ۔ یہاں اسامہ کی باقیات اس علاقے سے باہر کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عدم استحکام میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ ہر کسی کے لیے ایک حقیقی چیلینج ثابت ہوگا۔ انھوں نیکہا کہ القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے باوجود پاکستان اور افغانستان کا سرحدی علاقہ دہشتگردی کا مرکز اور دنیا کا خطرناک ترین علاقہ ہے۔