پاکستان سدا بہاراسٹریٹجک پارٹنر ہے ، چینی وزارت خارجہ

pak china

pak china

چینی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان جیانگ یو نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان سدا بہار سٹریٹجک پارٹنرز ہیں اور چین کی خواہش ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کاغیرمستقل رکن منتخب ہو۔
میڈیا بریفنگ کے دوران سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کے انتخاب کیلئے پاکستان کی مدد کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان عالمی امن و سلامتی کیلئے عظیم کردار ادا کرے۔
دریں اثنا چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے چین کی جانب سے پاکستان کی واضح حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کی غیرمستقل رکنیت کیلئے چین کی حمایت قیمتی جذبہ ہے جس کی ہم انتہائی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم عالمی اور علاقائی امن و سلامتی کیلئے مل جل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان کے انتخاب کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو ہوگا۔ منتخب رکن ممالک یکم جنوری 2012 سے 2013 کے آخر تک کام کریں گے۔