کولمبو: (جیو ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ آج کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔
پاکستان نے پہلا میچ چھ وکٹوں سے جیتا جبکہ دوسرے میچ میں اسے 76 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تیسرے میچ کے لئے دونوں ٹیمیں کولمبو پہنچ گئی ہیں۔ قومی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ کے مطابق فاسٹ بولر محمد سمیع انجری سے صحت یاب ہوگئے ہیں ۔ان کی تیسرے ون ڈے میں واپسی متوقع ہے جبکہ شاہد آفریدی بخار اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔میچ میں ان کی شرکت کا فیصلہ فٹنس سے مشروط ہوگا۔
قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہناہے کہ دوسرے ون ڈے میں شکست ناقص بولنگ اور بیٹنگ کی ناکامی کے سبب ہوئی۔ سیریز میں کامیابی کے لئے کھیل کے تینوں شعبو ں میں مہارت دکھانا ہوگی۔ دوسری جانب سری لنکن ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔