کاکول پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کل ہوگی جس کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی ہوں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کل شب ہوگی، پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سلامی لیں گے جبکہ نصف شب کو 14 اگست کا آغاز ہونے پر پرچم کشائی کریں گے اور اس کے بعد تقریب سے خطاب کریں گے، تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا مظاہرہ کیاجائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پی ایم اے کاکول میں آزادی پریڈ کا سلسلہ 2009 کو شروع ہوا تھا اور یہ تقریب ہر برس باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے، جس کا مقصد پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ تقریب میں شہید ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں کے علاوہ اعلی فوجی اور دیگر شخصیات شرکت کریں گی۔