گورنر اسٹیٹ بینک یاسین انور نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اور مالیاتی شعبہ اس سطح پر پہنچ گئی ہے کہ ایک روشن اور مستعد ڈیٹ مارکیٹ کو فروغ دے سکیں۔ پاکستان کی معیشت میں مالیاتی اداروں اور کیپٹل مارکیٹس کے کردار کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نجی قرض کا حجم چوہتر ارب روپے کے قریب ہے جو جی ڈی پی کا اعشاریہ پانچ فیصد ہے جو حکومتی واجب الادا چار کھرب چونسٹھ ارب روپے کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ مستقبل میں گو کہ قرضوں میں کچھ بہتری آسکتی ہے لیکن یہ امکان نہیں کہ بینک مستقبل قریب میں نئے طویل المدتی منصوبوں کے لئے قرض دینے میں گہری دلچسپی لیں گے۔