امریکا کے دفاعی حکام نے کہا ہے کہ شمسی ایئربیس خالی کردینے کے باوجود بھی پاکستان میں ڈرون حملے جاری رہیں گے اور یہ حملے افغانستان سے کیے جائیں گے۔ امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی دفاعی حکام نے کہا کہ امریکا شدت پسندوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا اور شمسی ایئر بیس خالی کرنے کے باوجود ڈرون حملے جاری رہیں گے۔ جس کیلئے متبادل انتظام کرلیا ہے۔ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں دہشتگردوں کو افغانستان میں بنائے گئے اڈوں سے نشانہ بنایاجائے گا۔ پاکستان نے گیارہ دسمبر تک امریکا کو شمسی ایئربیس خالی کرنے کا کہا تھا اور اس بیس سے امریکیوں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ پینٹاگون کے مطابق امریکا گزشتہ کئی ماہ سے ڈرون حملوں کے لیے متبادل اڈوں پر کام کررہا تھا۔ چھبیس نومبر کو نیٹو حملے کے بعد پاکستان کی دفاعی کمیٹی نے شمسی ایئربیس پندرہ روزمیں خالی کرنے اور نیٹو سپلائی لائن بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔