چئیرمین پی سی بی ذکا اشرف نے پاکستان پریمئیر لیگ آئندہ سال مارچ میں کرانے کا اعلان کردیا۔ ایبٹ آباد میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی زیرصدارت گورننگ بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستان پریمئیر لیگ کے انعقاد کے علاوہ کئی اہم ایشوز زیر غور آئے۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان پریمئیر لیگ آئندہ سال مارچ میں ہوگی۔ لیگ میں شرکت کے لئے انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے رابطہ شروع کردیا ہے۔ ذکا اشرف نے کہا کہ بڑی تعداد میں انٹرنیشنل کھلاڑی حصہ لیں تو لیگ کامیاب ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انٹرنیشنل کرکٹ جلد پاکستان میں بحال ہوگی۔ ذکا اشرف نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں کرکٹ کو پھیلا رہے ہیں، کرکٹ کے فروغ کے لئے عملی اقدامات بھی کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل الیون کے میچز پی سی بی کے تعاون کے بغیر ناممکن تھے۔