پاکستان : (جیو ڈیسک) پاکستان نے امریکہ سے کولیشن سپورٹ فنڈ کے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ امریکی نائب وزیر خارجہ تھامس نائیڈ سے پاکستانی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ایک ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی امداد اور دوسرے امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیر خزانہ نے امریکی حکام سے پاکستان کی امداد کی بحالی پر بھی بات چیت کی جس میں کیری لوگر بل کے تحت ملنے والی رقم پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر خزانہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ تھامس نائیڈ سے کہا کہ پاکستان کو امریکی امداد کے ملنے سے اسکے بجٹ پر مثبت اثرات پڑیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے نقصانات بہت زیادہ ہیں۔ امریکہ نائب وزیر خارجہ نے ان مطالبات پر غور کی یقین دہانی کروائی۔