(جیو ڈیسک) پاکستان نے چھوٹے فاصلے بیلسٹک میزائل حتف ٹو ابدالی کا کامیاب تجربہ کیا ہے ، زمین سے زمین تک مار کرنے والا ابدالی میزائل روایتی اور ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے ایک ترجمان کے مطابق ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ بیلسٹک میزائل سسٹم کو جانچنے کیلئے جاری تجربات کا حصہ ہے ، جس میں بھرپور کامیابی حاصل ہوئی ہے ، ترجمان کے مطابق حتف ٹو ابدالی 180کلومیٹر تک مار کرسکتا ہے اور نہایت کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بناتے ہوئے روایتی اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔
ترجمان کے مطابق اس کامیاب تجربے سے پاکستان کی سٹریٹجک فورس کی صلاحیتوں میں مزید استحکام آیا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ خالد قدوائی اور سٹریٹجک فورس کمانڈ کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل طارق ندیم جیلانی بھی موجود تھے ، صدر آصف زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اس کامیاب تجربے پر پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی ہے۔