پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 38 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پاکستان کو جیت کے لئے 150رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ نے یہ اسکور سات وکٹوں کے نقصان پر بنایا تھا۔ اس اسکور میں بیراسٹو جے ایم کے شاندار 60رنز بھی شامل تھے۔ وہ آخر تک آوٹ نہیں ہوئے۔
تماشائیوں نے بیراسٹو کے پانچ چوکوں اور 2چھکوں کا بھرپور لطف اٹھایا۔ انگلینڈ کے ہی کس ویٹر نے اپنی ٹیم کے مجموعی اسکور میں31رنز کا تحفہ دیا البتہ سینئر کھلاڑی کیون پیٹرسن صرف 17 کے انفرادی اسکور پر ہی آوٹ ہوگئے۔
پاکستان کی طرف سے باولنگ کراتے ہوئے عمر گل ایک وکٹ سے باقی بالرز کے مقابلے میں آگے رہے۔ انہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعید اجمل، اعزاز چیمہ، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو پولین کی راہ دکھائی ۔
پاکستان کی بیٹنگ کی باری آئی تو یوں لگا گویا ہر کھلاڑی جلد آوٹ ہونے کے لئے ہی میدان میں اترا ہو۔ پاکستان کی وکٹیں ایک کے بعد ایک تواتر سے گرتی چلی گئیں ۔ شاہد آفرید ی نے تجربہ کار کھلاڑی کا ثبوت دیتے ہوئے 25 رنز بنائے جبکہ دوسرے کھلاڑی حماد عالم رہے انہیں نے 19رنز بنائے۔ میزبان ٹیم پورے بیس اوور بھی نہیں کھیل سکی اور انیس ویں اوور کی دوسری بال پر ہی 112رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ ادھر انگلینڈ کے بالر اسٹیون فن نے کمال مہارت سے پاکستان کے تین وکٹ اڑائے اور اپنی ٹیم کی جیت میں نمایاں کردار اداکیا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اور انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کیا تھاجبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ تھا ۔ پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔ یوں ٹی ٹونٹی سیریز بھی اب تک برابر رہی ہے۔