کراچی وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج جس طرح سرحدوں کی حفاظت کے لیے دن رات کوشا ں ہیں اسی طرح پاکستانی ملکی تاجروصنعتکاربرادری بھی معاشی سولجرکاکرداراداکررہی ہے ،ملک میں بجلی ،گیس بحران اورامن وامان کی ناقص صورتحال اور مسائل کے باوجود ملکی تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کوفروغ دینے پر عمل پیرا ہے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور خالدتواب،داودعثمان جھکورا اور عثمان شیخ نے جمعرات کے روز ایف پی سی سی آئی میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے چیف انسٹرکٹرمیجرجنرل نوئیل اسرائیل کھوکھر کی سربراہی میں 102 رکنی ملکی وغیر ملکی وفد کے دورہ ایف پی سی سی آئی کے موقع پر کہی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر مرزااختیاربیگ، مجیدعزیز،انجینئر جبار نے بھی سوالات کے جوابات دئیے جبکہ امجد رفیع،شکیل احمد ڈھینگرا،صدیق شیخ،مسعودعالم رضوی، ناصر الدین شیخ،میجرمستجاب اور دیگر بھی موجودتھے ۔۔نائب صدر خالدتواب نے کہاکہ ملکی معیشت کوشدید دباو کا سامناہے اور حکومت کی جانب سے قرضوں سمیت شرح سود زائد ہونے کے باعث تجارتی وکاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں ۔اس موقع پر داودعثمان جھکورانے کہا کہ صنعتی اور رہائشی علاقوں میں دس گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ سے تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی اور گیس کے بحران کو ختم کرنے کے لیے موجود ذرائع کااستعمال کیا جانا چاہیے اور طویل اورمحدودمدتی پالیسیوں کا تعین کیا جاناچاہیے ۔اس موقع پر عثمان شیخ نے کہا کہ پاکستانی تاجروصنعتکار معاشی سولجر کا کرداراداکررہے ہیں کیونکہ ملک میں کسی بھی طرح معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ماضی کی طرح ابتک کوئی کام نہیں کیا گیا جس سے تجارتی وکاروباری سرگرمیاں شدید بحران کاشکارہیں ۔