شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کیلئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے کو 6روز باقی ہیں اس کیلئے مینار پاکستان میں تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ مینار پاکستان کے گرد سب سے بڑے سٹیج کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئیں ہیں۔ جس پر ہزاروں افراد کے بیٹھنے کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔اس کیلئے ابتدائی طور پر 20کنٹینرز مینار پاکستان کے پنڈال میں پہنچ گئے ہیں۔رات کو کچھ دیر آرام کیلئے 10واٹر پروف کیمپ بھی لگا دئیے گئے ۔تحریک منہاج القرآن کے 500نوجوان ابتدائی طور پر تیاریوں کیلئے مینار پاکستان میں پورا دن مصروف رہے ۔کل سے 1000مزید نوجوان مینار پاکستان پہنچ جائینگے۔
تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض،ناظم ایونٹ مینجمنٹ جواد حامد اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام نے گذشتہ روز مینار پاکستان کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ 23مارچ کے ایونٹ کی میڈیا کوریج کیلئے دونوں سائڈوں پر بلند جگہ پر بڑے کنٹینر ز لگا دئیے گئے ہیں اور لاکھوں خواتین کیلئے الگ پنڈال بنانے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پاکستان واپسی کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے 23دسمبر 2012ء کو مینار پاکستان (لاہور) پر پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام الناس بھی شرکت کریں گے ۔پاکستان کے وقت کے مطابق پروگرام کا آغاز صبح 10بجے جب کہ یورپین وقت کے مطابق صبح 6بجے ہو گا ۔