پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھیل کھیلا جارہا ہے، پاکستان کی موجودہ حالت کے اصل ذمہ دار بحیثیت قوم ہم خود ہیں۔
لاہور کے الحمرا ہال میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد ن لیگ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت کرپشن زوروں پر ہے
جبکہ عدلیہ کو دائو پر لگا دیا گیا ہے۔ ہر روز کرپشن کا ایک نیا سکینڈل میڈیا کی خبروں کی زینت بن رہا ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معرض وجود میں آئے 65 سال کا عرصہ گزر چکا ہے مگر ملک کے حالات نہیں بدلے۔ مشرقی پاکستان چھینا گیا جس سے باقی ملک بھی کمزور ہوگیا۔ آج ہمارے حکمران ملک چلانے کیلئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ دنیا میں جہاں بھی دہشتگردی ہوتی ہے اس کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دے دیا جاتا ہے۔
تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو درپیش مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ ہے۔ ملک میں جاری توانائی بحران نے ملک کا مستقبل تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ماہرین نے کئی شعبوں میں روڈ میپ تیار کرلیا ہے۔ 6 ماہ کے عرصے میں ملک میں جاری توانائی کے سنگین بحران پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کرینگے۔
اگر ہمیں موقع ملا تو پاکستان کو دنیا کی 10 بڑی معیشتوں میں لا کھڑا کردیں گے۔ اس دوران ایک جذباتی نوجوان نے نعرے لگانا شروع کر دیئے اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک آپ قرضے دیں گے ہم مر جائیں گے۔ جس پر مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کی جانب سے اس نوجوان کو چپ کروانے کی کوشش کی گئی تاہم بعد ازاں اپنے حق کیلئے آواز اٹھانے والے اس نوجوان کو پنڈال سے نکال دیا گیا۔