پاکستان ہاکی ٹیم آج رات نصف شب کے بعد کراچی سے براستہ ہانگ کانگ آسٹریلیا روانہ ہورہی ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی پہلی منزل پرتھ ہے ۔جہاں پاکستان، آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ کی شمولیت سے نائن اے سائیڈٹورنامنٹ کھیلا جائیگا۔ مختصراور تیزتر اس نئی طرز کی ہاکی میں ٹیمیں نو،نوکھلاڑیوں پر مشتمل ہوتی ہیں اور میچ پندرہ پندرہ منٹ کے دوہاف پر مبنی ہوتاہے۔ ٹورنامنٹ کے بعد پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی کھیلی جائیگی۔ پاکستان ٹیم کے نئے کپتان شکیل عباسی نے کہاکہ آسٹریلیا کادورہ دسمبر میں نیوزی لینڈ میں ہونیوالی چیمپئنزٹرافی کی تیاری کیلئے بہت مفید ہوگا۔ فل بیک محمدعمران جو ملیریا میں مبتلا تھے تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔