پاکستان نے فیصل آباد میں چین کو تیسرے میچ میں بھی شکست دیکر چار ہاکی ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں تین صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ فیصل آباد : صنعت و تجارت اور ٹیکنالوجی کے بعد کھیل کے میدان میں بھی دوستی کے رشتے کو مضبوط کرنے کے لیے چین کی قومی ہاکی ٹیم منیجر یانگ لیو کی قیادت میں چار میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔ فیصل آباد ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے میچ کو ہر عمر اور ہر طبقے کے شہریوں نے انتہائی دلچسپی سے دیکھا۔ پاکستانی قومی ٹیم نے کراچی اور لاہور کی طرح فیصل آباد میں بھی میدان مار لیا اور چینی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ مہمان ٹیم کے کپتان کو سیریز ہارنے کا دکھ نہیں بلکہ وہ ایسی سرگرمیوں کو دوستی کے رشتتے کو مزید مضبوط کرنے کا ذریعہ سمجھتے اورآئندہ بھی یہاں آ کر کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔ انٹرنیشنل میچز کے دوبار آغاز پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا بھی انتہائی خوش اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے پر امید ہیں۔