پینٹاگون کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا اہم عسکری اتحادی ہے مگر چھبیس نومبر کے حملے کے بعد تعلقات شدید پیچیدگی کا شکار ہیں۔ جنرل مارٹن ڈیمپسی جنرل کیانی سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔ اور تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے پریس سیکرٹری جارج لٹل نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان سے تعلقات کی بحالی کیلئے ہر سطح پر بات چیت جاری ہے۔ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی کم سطح پر پہنچ چکے ہیں جسے بہتر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جارج لٹل نے کہاکہ جنرل ڈیمپسی پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ رابطوں کے دوران دونوں ممالک کے عسکری حکام کوقریب لانے پربات چیت جاری ہے۔ جارج لٹل نے سیکرٹری دفاع کی برطرفی کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیا۔ دوسری جانب جان کربی نے کہاکہ پاکستان میں حکومت کے خلاف بغاوت کا علم نہیں۔ اور نہ ہی پاک فوج نے جنرل ڈیمپسی سے کوئی ضمانت مانگی ہے۔ جان کربی کا کہنا تھا یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور اسے پاکستانی قیادت کو ہی حل کرنا ہے۔