ملتان : (جیو ڈیسک) وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ امریکہ پر واضح کر دیا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جاری رہے گا۔ ملکی مفاد کے خلاف کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے۔ ملتان ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات میں اعتماد بحال ہو چکا ہے، اب بات آگے بڑھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکہ افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں تعاون کر سکتا ہے لیکن براہ راست مذاکرات نہیں کئے جائیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ سپر پاور ہے، جس سے تعلقات ضروری ہیں۔ سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ ایک سانحہ تھا، قومی مفاد پر کسی ملک کا دبا قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سمیت خطے کے تمام ممالک کی مدد کرتے رہیں گے۔