نئی دہلی: پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹری مذاکرات جاری ہیں۔ سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر کا کہناہے کہ کھلے دل سے بات چیت ہوگی، دونوں جانب امن کی کوششوں پر اطمینان ہے۔ دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر اور نروپما را کل ہونے والے وزرا خارجہ کے مذاکرات کا ایجنڈا طے کرینگے۔ اور توقع ہے کہ وزیرخارجہ حنا ربانی کھر اور بھارتی ہم منصب ایس ایم کرشنا کل ہونے والے مذاکرات میں تعلقات کے بہتری سمیت تمام تنازعات کے حل کا فریم ورک اور کشمیر تنازعے کے حل کیلئے اقدامات کا اعلان کرینگے۔ مذاکرات شروع ہونے سے پہلے سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہاکہ دونوں ممالک امن کیلئے کوشاں ہیں۔ حالیہ روابط کے بعد تعلقات میں بہتری ہوگی۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ نروپما را نے کہاکہ پاکستانی ہم منصب کے نئی دہلی آنے پر دلی خوشی ہوئی۔ اور امید ہے کہ بات چیت کا نتیجہ بھی مثبت ہی ہوگا۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر کررہے ہیں۔ جبکہ بھارت کی نمائندگی بھارتی سیکرٹری خارجہ نرومپا را کررہی ہیں۔