ممبئی: (جیو ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان جلد کرکٹ تعلقات بحال ہونے کا امکان ہے، پی سی بی کے سربراہ ذکا اشرف کہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان رواں سال ٹی ٹوئنٹی یا ون ڈے سیریز ہو سکتی ہے۔ بھارتی دورے پر گئے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈکے چئرمین زکا اشرف نے اسپتال میں بھارتی ہم منصب سری نواسن کی عیادت کی جو آئی پی ایل کی اختتامی تقریب کے بعد علیل ہو گئے تھے۔ ذکا اشرف نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ بی سی سی آئی کے صدر کی عیادت کیلئے آئے تھے۔سری نواسن پاک بھارت کرکٹ کی بحالی کیلئے کافی پر جوش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ روایتی حریف کے درمیان اس سال ٹی ٹوئنٹی یا ون ڈے سیریز ہو سکتی ہے جبکہ آئندہ سال مکمل ٹیسٹ سیریز کا انعقاد ممکن ہے۔ذکا اشرف نے کہاکہ صدر بی سی سی آئی نے اس سلسلے میں اپنی حکومت سے بات چیت کی یقین دہانی کرائی ہے۔