کولمبو : (جیو ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔ سری لنکا کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
کولمبو ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز سو رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئرڈ کردی اور سری لنکا کو ممکنہ اڑتیس اوورز میں دوسو اکسٹھ رنز کا ہدف دیدیا۔ اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم تین سواکیانوے رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔ پاکستان کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم پانچواں اور آخری دن ختم ہونے تک دو وکٹ پر چھیاسی رنز بنا سکی۔
پارناویتانا بتیس اور دلشان اٹھائیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سنگاکارا نے ناٹ آؤٹ چوبیس رنز بنائے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ اتوار سے پالی کیلے میں شروع ہوگا۔