پتنگ ڈور سے نوجوان کی ہلاکت پر متعلقہ ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور ٹی ایم او کو معطل کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ آئندہ ایسا واقعہ رونما ہوا تو ضلعی انتظامیہ ذمہ دار ہوگی جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، سبزہ زار کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے گھر کے واحد کفیل کی ہلاکت پر جس قدر بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پتنگ فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈان کیا جائے اور اس کے سدباب کے لئے محلہ کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے جو خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی نشاندہی کریں۔ وزیراعلی نے ڈینگی ایکشن کمیٹی کے اجلاس کی بھی صدارت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبیکے تمام اضلاع میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے انتہائی نگہداشت وارڈز بنائے جائیں اور اس سلسلے میں فوری پلان مرتب کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں پہلے ہی انتہائی نگہداشت وارڈز بنائے جاچکے ہیں، اسکول ہیلتھ پروگرام کو موثر بنایا جائے اور اس مقصد کے لئے موجودہ نظام میں بہتری لائے جائے۔