حکام نے کہا ہے کہ پشاور کے علاقے متنی میں منگل کو ایک اسکول وین پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے تین بچے اور ڈرائیور ہلاک جب کہ متعدد بچے زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایک مقامی اسکول میں چھٹی کے بعد بچوں اور اساتذہ کو ان کے گھروں کی طرف لے جانے والی گاڑی جب متنی بائی پاس کے علاقے میں پہنچی تو پہلے سے گھات لگائے افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ زخمیوں کو فوری طور پر پشاور کے سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا شمالی پہاڑی ضلع لوئر دیر میں عوامی نیشنل پارٹی کے ایک مقامی رہنما شیر خان کی گاڑی کو ریمورٹ کنڑول بم سے نشانہ بنایا گیا جس میں شیرخان ہلاک جب کہ کم از کم دو دیگر افراد زخمی ہو گئے ہیں۔