پشاور میں ارباب روڈ پر واقع پلازہ میں دھماکے کے نتیجے میں ایک جاں بحق اور اکیس افراد زخمی جس میں تین کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ پشاور ٹاون میں چھ منزلہ اعظم ٹاورمیں موجود نیٹ کیفے میں ہوا جس میں ریسٹورینٹ ، بینک اوردیگر دفاتر موجود ہیں، دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ واقع کھانے کے اوقات میں ہوا جس وقت اس بلڈنگ میں لوگوں کی آمد ورفت بڑھ جاتی ہے۔ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں کی جاسکی تاہم پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ دھماکے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر گجرات میں گورالی کے قریب دو خود کش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ علاقے کو پولیس نے گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔