پشاور (جیوڈیسک)پشاور کو آج پھر دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ یونیورسٹی روڈ پر خود کش حملے میں دو امریکیوں سمیت پانچ افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے جبکہ امریکی سفارتخانے نے امریکی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کی ہے.
خیبر پختونخوا کا دارالحکومت طویل عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہے ۔ پشاور کینٹ کی مصروف یونیورسٹی روڈ پر امریکی سفارتخانے کی گاڑی پر خود کش حملہ کیا گیا ۔حملے میں دو امریکی مارے گئے اور تین پاکستانی شہری بھی جاں بحق ہوئے ۔دھماکے میں 19 افراد زخمی ہوئے جنھیں خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔زخمیوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ چیف کیپٹل سٹی پولیس امتیاز الطاف نے بتایا کہ دہشت گردوں کا ٹارگٹ غیر ملکیوں کی گاڑی تھی۔ صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین میڈیا سے بات کرتے ہوئے دو امریکیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ بلٹ پروف گاڑی بھی اس سے نہیں بچ سکی اور دھماکے میں 110 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر بشیر بلور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد معاشرے کا ناسور ہیں جن کا خاتمہ ضروری ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں سو کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ادھر امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کوئی امریکی شہری ہلاک نہیں ہوا.