پشاور : (جیو ڈیسک) مسلسل چوتھے روز بھی صبح کا آغاز دھماکے سے ہوا ہے۔ آج جی ٹی روڈ پر گلبہار کے علاقے میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا جس میں ایک اہلکار شہید اور چار پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
دہشتگردوں نے گلبہار پولیس سٹیشن کے سامنے جی ٹی روڈ پر پشاور سے مردان جانیوالی پولیس وین کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔ وین میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ قیدی بھی سوار تھے جنہیں مردان لے جایا جا رہا تھا۔ دھماکے میں موبائل وین میں سوار تمام افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں سے ایک اہلکار ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ دھماکے میں دو رکشے اور دوکاریں بھی تباہ ہو گئیں جن میں سورا چار افراد بھی زخمی ہوئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق سڑک پر رکھے گئے بلاکس کے درمیان چار کلو وزنی بم نصب کیا گیا تھا۔