پشاور میں تھانہ سی ڈویژن پر حملہ، تین حملہ آور ہلاک

peshawar

peshawar

پشاور کے تھانہ سی ڈویژن کوتوالی پر دہشت گردوں کے حملے اور خود کش دھماکے میں تین پولیس اہلکار شہید جبکہ سات اہلکار زخمی ہو گئے۔ سات بج کر بیس منٹ پر یہ واقعہ پیش آیا۔ پشاور سے ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے تھانے میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر سمیت سات اہلکار زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے ساتھ تھانے میں دھماکے کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے دستی بم پھینکے جس سے عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس حکام نے علاقے کے تمام تھانوں کی پولیس کو طلب کرلیا اور تھانہ سی ڈویژن کا گھیراوکرلیا تاہم پولیس کمانڈوز نے ایک گھنٹے کے آپریشن کے دوران حملہ آوروں کو گھیرے میں لے لیا جس کے بعد تینوں حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔ تین پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے جبکہ سات اہلکار زخمی ہیں۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس کاآپریشن مکمل ہو گیا ہے۔