پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں گیس اور بجلی کے بحران نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔ چولہوں میں گیس پریشر کی کمی ہے تو بجلی کی لوڈشیڈنگ دس سے پندرہ گھنٹوں تک پہنچ گئی۔ پنجاب کے بعض شہروں میں بھی گیس پریشر کی کمی کی شکایت برقرارہے۔
پنجاب کے بعد پشاور کے بیشتر علاقوں میں بھی گیس بحران نے سر اٹھا لیا، گھریلو صارفین کے مطابق صبح اور شام کے اوقات میں گیس پریشر کم ہوجاتا ہے جس سے خواتین کے لئے ناشتہ اور کھانا بنانا مشکل ہوگیا ہے۔ دلہ زاک روڈ ، پچگی روڈ ، فقیر آباد ، رشیدآباد ، ورسک روڈ اورگلبہارمیں کم گیس پریشر کی شکایات زیادہ ہیں۔
دوسری طرف پشاور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی دس سے پندرہ گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔ نواحی علاقوں میں فنی خرابی کو بنیاد بنا کر روزانہ چار سے چھ گھنٹوں کے لئے بجلی بند کردی جاتی ہے۔ اس سے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ پنجاب میں ملتان ، فیصل آباد اور اس کے گردنواں کے علاقوں میں بھی گیس پریشر کی کمی کی شکایت تاحال برقرار ہے۔