پنجاب (جیوڈیسک) سرگودھا، ملتان، جیکب آباد، پشاور میں صبح کاآغاز موسلادھار بارش سے ہوا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی زیریں سندھ، خیبرپختونخوا، مشرقی بلوچستان میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔بنوں اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگورا ہو گیا۔
سندھ کے ضلع جامشورو میں پہاڑی سلسلوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ کئی دیہات کا شہروں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ اسلام آباد سمیت پنجاب ،خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان اور مشرقی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔
جمعہ اور ہفتے کو کشمیر، اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا میں اکثر مقامات پر جبکہ گلگت بلتستان اور مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں بارش پڑ سکتی ہے۔ جمعرات سے ہفتہ کے دوران ڈیرہ غازی خان ، ڈیرہ اسماعیل خان ، کوہاٹ اور بنوں میں تیز بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کاخدشہ ہے اورلوگوں کومحتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ میں ریکارڈ کی گئی ۔ یہاں ایک سو اکیاون ملی میٹربارش ہوئی جبکہ کراچی میں پینتیس ملی میٹربارش ہوئی۔