پنجاب ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی کے ایریا واٹر بورڈ برائے ایل سی سی ایسٹ سرکل کے اراکین نے سرکاری گاڑیوں کے حصول کے لئے بھاگ دوڑ شروع کردی
Posted on January 28, 2013 By Majid Khan لاہور
لاہور : پنجاب ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی کے ایریا واٹر بورڈ برائے ایل سی سی ایسٹ سرکل کے اراکین نے سرکاری گاڑیوں کے حصول کے لئے بھاگ دوڑ شروع کردی ،چیف ایگزیکٹیو ایریا واٹر بورڈ نے سیاسی وابستگیوں کے حامل ممبران کو گاڑیاں فراہم کرنے کے لئے محکمہ کے فیلڈ آفیسران پر دبائو بڑھا دیا ،جبکہ پنجاب پیڈا ایمپلائز ایسوسی ایشن نے اس عمل کی پُرزور مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی کے فیلڈ آفیسران صوبہ بھر میں کسانوں کی اصلاح کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ پانی چوری کی روک تھام ،کسانوں کی تربیت اور فارمرز آرگنائزیشنز کی مانیٹرنگ کی غرض سے خدمات انجام دینے کے لئے فیلڈ آفیسران کے پاس وہیکلز کی کمی ہے جبکہ دوسری جانب سیاسی وابستگیوں کے حامل ایریا واٹر بورڈ کے غیر سرکاری اراکین نے چیف ایگزیکٹیو ایریا واٹر بورڈ ایل سی سی ایسٹ کینال سرکل پر سرکاری گاڑیوں کے حصول کے لئے دبائو بڑھا دیا ہے ۔چیف ایگزیکٹیو ایریا واٹر بورڈ ایل سی سی ایسٹ نے سیاسی دبائو کے تحت اپنے فیلڈ آفیسران کو ہدائیت جاری کر دی ہے کہ وہ 30جنوری کو تمام سرکاری گاڑیاں اور انکے متعلقہ کاغذات لے کر ایریا واٹر بورڈ کے دفتر میں حاضری دیں۔
دوسری جانب پیڈا ایمپلائز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے اس عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس عمل کی مذمت کی ہے اور جنرل مینجر آپریشنز پیڈا اور ایم ڈی پیڈا سے اپیل کی ہے کہ چیف ایگزیکٹیو ایریا واٹر بورڈ ایل سی سی ایسٹ کو ہدائیت کی جائے کہ کسی بھی قسم کے سیاسی دبائو کے تحت کوئی غیر قانونی عمل نہ کیا جائے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com