پنجاب (جیوڈیسک) پنجاب حکومت کی طرف سے لیپ ٹاپ منصوبے میں بوگس انٹریوں کا انکشاف ہوا ہے اور درجنوں طلبا دو دو بار لیپ ٹاپ لے چکے ہیں جن میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے 22 طلبا بھی شامل ہیں۔ بوگس انٹریوں پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کے انکشاف پر انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی ہے اور تمام فہرستوں کی دوبارہ چیکنگ شروع کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق جن طلبا نے ایک سے زیادہ لیپ ٹاپ حاصل کئے ہیں ان کا تعلق ایم اے یا ایم ایس سی کے مختلف شعبوں سے ہے۔ان طلبا نے ایک سال قبل وزیراعلی پنجاب کی جانب سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں لیپ ٹاپ لئے تھے ۔
بعد میں جی سی یونیورسٹی میں انرولمنٹ کرالی۔ 8 نومبر کو ہونے والی تقریب میں مسلم لیگ ن کے راہنماء حمزہ شہباز شریف نے جی سی یونیورسٹی کے23سو طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جن میں بائیس ایسے طلبہ شامل ہیں جنہوں نے دوبارہ لیپ ٹاپ حاصل کیے۔
قائم مقام وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی ڈاکٹرعظیم نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان طلبا نے غلط بیانی کی ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔وائس چانسلرڈاکٹر ذاکرکی واپسی پران طلباکے خلاف تحریری آرڈر جاری کر دیا جائے گا۔ڈائریکٹر امور طلبہ مظہر حیات نے بھی تصدیق کرتے ہوئے ایسے طلبا کے خلاف بھرپور ایکشن کا عندیہ دیا۔