لاہور : حکومت پنجاب کی جانب سے 325 رمضان بازاروں کو چار ارب کی سبسڈی فراہم کردینے کے باوجود یہ بازار عام شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
رمضان اور اتوار بازاروں میں عوام کو چینی اور آٹا پر قدرے ریلیف ملا ہے، تاہم ہانڈی کے بنیادی اجزا ٹماٹر اور پیاز، پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیا پر کوئی ریلیف نہیں ہے۔ رمضان بازا رمیں چینی 68 روپے فی کلو جبکہ عام بازار میں 72 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے جبکہ عام بازار میں 220 سے 240 روپے فروخت ہونا والا دس کلو آٹا کا تھیلا رمضان بازار میں 210 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ تاہم باقی اشیا کی قیمتیں یا تو عام بازار کے برابر ہیں یا ان سے زیادہ ہیں۔
بھنڈی 28 سے 30 روپے فروخت ہورہی ہے جبکہ عام بازار میں یہ 20 سے 25 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ آم 70 جبکہ عام بازار میں 55 سے 60 کلو ، پیاز20، جبکہ عام بازار میں بائیس سے چوبیس روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ ٹماٹر کی قیمت دونوں بازاروں میں 34 روپے فی کلو ہے۔ لاہور کے عوام کا کہنا ہے کہ وہ کسی مسیح کے منتظر ہیں جو مہنگائی کے اس جن کو بوتل میں بند کرسکے۔