لاھور (جیوڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، پنجاب میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی، تمام سازشی عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔گورنر ہاؤس لاہور میں صدر مملکت نے گورنر لطیف کھوسہ اور پیپلز پارٹی کے وفود سے ملاقات میں کہا کہ عام انتخابات آزادانہ اور غیر جانبدارانہ ہوں گے، التوا کی باتیں غیر سیاسی سوچ کے حامل لوگ اور سازشی عناصر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو مکمل آزادی اور خود مختاری حاصل ہو گی۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کا معاملہ اتفاق رائے سے حل کریں گے، امید ہے کہ کسی کو اعتراض کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتخابی حکمت عملی طے کر لی ہے، اتحادیوں سے مل کر انتخابات لڑیں گے اور پنجاب میں ایک بار پھر جیالا وزیراعلی ہوگا۔ صدر نے مزید کہا کہ یپلز پارٹی جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے میں سنجیدہ ہے اور جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کے لئے وفاقی حکومت جلد پیکیج کا اعلان کرے گی۔ لاہور چیمبر آف کامرس کی سالانہ اچیومنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور متعدد چیلنجز کے باوجود معیشت بہتر ہو رہی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ایڈ نہیں ٹریڈ کی پالیسی کو فروغ دیا، یورپی یونین کی منڈیوں میں پاکستان کو مراعات انہی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، اس وقت ملکی برآمدات پچیس ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری حکومت بجلی بحران کا مستقل بنیادوں پر حل چاہتی ہے۔ صدر مملکت نے نے کاروباری افراد پر زور دیا کہ معاشی پالیسیاں بنانے میں حکومت کی راہنمائی کریں۔