پنجاب (جیوڈیسک) پنجاب میں پولیس مقابلوں میں ایک بار پھر تیزی آ گئی۔ ساہیوال ، وہاڑی اور شیخوپورہ میں پولیس مقابلوں کے دوران تین اغواء کاروں سمیت پانچ ملزم ہلاک ہو گئے۔ ساہیوال کی تحصیل ہڑپہ میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں تین اغوا کارمارے گئے۔ ملزموں نے تین روز قبل فرید ٹاؤن سے بارہ سالہ عاکف احمد کو اغوا کر کے پندرہ لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ ملزم رات گئے عاکف کے گھر والوں سے رقم لینے آئے تو پولیس کے ساتھ مقابلہ ہو گیا جس سے تینوں ملزم موقع پر مارے گئے۔
ملزموں کے قبضے سے اسلحہ اور ایک گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے جس پر جعلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ دوسری طرف وہاڑی کے علاقے میراں پور میں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں اشتہاری ملزم ریاض ہلاک ہو گیا۔ ملزم 40 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ادھر شیخوپورہ کے علاقے جنڈیالہ روڈ پر اشتہاری ملزموں نے ناکے پر کھڑے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس سے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں اشتہاری ملزم ارشد واہگہ ہلاک ہو گیا۔ پولیس ناکے پر فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے پچاس افراد کے قتل میں ملوث اشتہاری ملزم ہلاک ہو گیا۔ ملزم قتل کی 50 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ اس کے سر کی تین لاکھ روپے قیمت مقرر تھی۔ زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔