لاہور : (جیو ڈیسک) پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال چودہویں روز بھی جاری ہے۔ ہڑتال نے ایک اوز زندگی نگل لی ،فیصل آباد میں ایک مریض چل بسا۔ فوجی ڈاکٹرز آج پنجاب حکومت کی مدد کو پہنچے گے۔
لاہور ، فیصل آباد ، ملتان سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال چودہویں روز بھی جاری رہی۔سرکاری اسپتالوں میں ایمر جنسی کے علاوہ تمام وارڈز بدستور تالے پڑے رہے۔ دور دراز سے آنے والے غریب مریضوں اور تیمارداروں کا آج بھی کوئی پرسان حال نہیں تھا اور وہ شدید اذیت میں تڑپتے رہے ۔
ینگ ڈاکٹرزکا کہنا ہے وہ حکومتی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ حکومتی فیصلے کے مطابق آج سے فوجی ڈاکٹرز سرکاری اسپتالوں میں اپنی ذمے داریاں سنبھالنا شروع کردیں گے۔ادھرذرائع کے مطابق سینئر ڈاکٹرز ینگ ڈاکٹروں کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں اور ہڑتال سے متعلق جلد کسی بریک تھرو کا امکان ہے۔