پنجاب میں لاہور اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں ڈینگی وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد اٹھا رہ سو پچاس ہو گئی ہے۔ جبکہ ڈینگی وائرس سے جا ں بحق ہو نے والوں کی تعداد دس ہو گئی ہے۔ پنجاب بھر میں پھیلنے والے ڈینگی وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد صرف لاہور میں سترہ سو نو ہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت پنجا ب کا کہناہے کہ ڈینگی وائرس سے جو افراد ہلاک ہو ئے ہیں ان کی تعداد صرف دو ہے جبکہ آٹھ افراد دوسری وجہ سے جاں بحق ہو ئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے محکمہ صحت پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں صوبے بھر کے اسپتالوں میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے علحدہ یونٹس قائم کیے جائیں۔ ڈینگی کے سدباب کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہاٹ لائن قائم کرکے ڈینگی کنٹرول روم بنا دیا گیا ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب نے ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لیے عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔