پنجاب : (جیو ڈیسک) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی کے ساتھ حکومت کے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں جس کے بعد ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ایوان وزیر اعلی لاہور میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ڈاکٹرز کے ساتھ حکومتی کمیٹی کے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں جس کے نتیجہ میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق قائم کی گئی کمیٹی مذاکرات کے دوران ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کے سروس اسٹکچر کے لیے بھی آئندہ تین روز کے دوران کمیٹی بنا دی جائے گی جو ایک ماہ کے اندر وزیر اعلی پنجاب کو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر ناصر عباس نے کہا کہ ہڑتال عوامی مفاد میں ختم کی گئی ہے اور حکومت کی جانب سے تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں۔