پنجاب: ڈینگی، چوبیس گھنٹوں میں مزید سات افراد جاں بحق

Dengue

Dengue

لاہور : پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی نے مزید سات افراد کی جان لے لی مرنیوالوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ سری لنکن ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں میں قوت مدافعت زیادہ ہوتی ہے، والدین ڈینگی سے پریشان نہ ہوں۔ لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید سات افراد ڈینگی کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں اٹھارہ سالہ مون عثمان، بشیر اور روشن میو اسپتال میں زیر علاج تھے۔ داروغہ والا کی پینتیس سالہ خالدہ اور رشیدہ بی بی سروسز اسپتال جبکہ والٹن روڈ کی سینتیس سالہ عابدہ جنرل ہسپتال میں دم توڑ گئی۔
بورے والا کے نواحی گاوں میں ڈینگی سے متاثرہ بائیس سالہ پروین بی بی بھی جاں بحق ہوگئی۔ ڈینگی کے مریضوں کا ہسپتالوں میں بدستور تانتا بندھا ہوا ہے آٹھ سو بیالیس نئے مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس سے بچنے کیلئے شہریوں کو خصوصی احتیاط سے کام لینا ہو گا۔ سری لنکن ماہرین کی ٹیم نے آج لاہور کے چلڈرن اسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کے خون کے نمونے حاصل کئے۔
ٹیم کا کہنا ہے کہ والدین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، بچوں میں قوت مدافعت زیادہ ہوتی ہے، ان پر ڈینگی وائرس کا اثر نہیں ہوتا۔