لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے نام نہاد شیر دھمکیوں اور کھوکھلے نعروں کے بجائے اسمبلیوں سے مستعفیٰ ہونے کا حوصلہ پیدا کریں۔ لاہور میں معروف قانون دان ایس ایم ظفر کے صاحبزادے عاصم ظفر کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایک سزا یافتہ وزیراعظم کا کرسی نہ چھوڑنا آئین اور قانون سے ایک مذاق ہے۔
یوسف رضا گیلانی صدر زرداری کا ناجائز پیسہ بچانے کے لئے عدلیہ اور پارلیمینٹ کا مذاق نہ اڑائیں۔ عدالتوں کا کام فیصلے دینا ہے جبکہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا حکومت کا کام ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ گیلانی کو عہدے سے ہٹا کر نواز شریف کے خلاف بھی کرپشن کے مقدمات عدالتوں میں بھیجے جائیں۔ عدلیہ بحالی تحریک میں دھوکہ کھانے کے بعد اب کسی تحریک میں نواز شریف کا ساتھ نہیں دیا جا سکتا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ نواز شریف گیلانی کو تحریک کے زور پر ہٹا کر اپنی پسند کے ایمپائرز کھڑے کرنا چاہتے ہیں تاکہ دھاندلی سے انتخابات کو ہائی جیک کیا جا سکے۔