اسلا م آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دوہری شہریت کیس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے اپنابیان سپریم کورٹ میں جمع کرادیاہے اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت کو گمراہ کرنے ، جھوٹے الزامات لگانے پر راجہ ریاض کیخلاف کارروائی کی جائے ۔عدالت عظمی میں جمع کرائے گئے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ وہ پیدائشی پاکستانی ہیں اور ان کے پاس کسی دوسرے ملک کی شہریت نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلا وطنی کے دوران وہ کینسر کے علاج کے لیے سعودی عرب سے برطانیہ جانا چاہتے تھے لیکن پاکستانی پاسپورٹ کی تجدید سے انکار کر دیا۔ وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ انہیں غیر ملکی پاسپورٹ کی آفر بھی ہوئی لیکن انہوں نے وہ پاسپورٹ لینے سے انکار کر دیا۔ شہباز شریف نے بیان میں کہا ہے کہ راجہ ریاض نے ان خلاف جھوٹا بیان دیکر عدالت کو گمراہ کیا اور وہ جھوٹا بیان دینے کی وجہ سے صادق اور امین نہیں رہے لہذا عدالت اپوزیشن لیڈر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کیس ختم کرے۔