پیر محل(خرم شہزاد بھٹی سے) پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے پر آج 12 جنوری کو دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔ملک بھر میں دہشت گردی کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی کے علاوہ میٹل ڈیٹیکٹر کی موجودگی اور اونچی دیواروں پر خاردار تاروں کی تنصیب جیسی شرائط مقامی ڈی سی او ز کے ذریعے سکول سربراہان کے لئے لازمی قرار دی گئی ہیں اس سلسلہ میں شہر پیر محل کے سکولوں میں ابھی کوئی خاص پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔ المعصوم ہسپتال روڈ پر واقع گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2 کی ابھی تک چار دیواری بھی مکمل نہیں ہوسکی اور موقعہ پر دیواروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر تحصیل پیرمحل حافظ نجیب نے تحصیل دار منظر حفیظ اور دیگر ارکان کے ہمراہ مختلف سکو لوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات مکمل نہ ہونے پر ایک نجی پرائیویٹ سکول کو سیل کردیا اور دو سکولو ں کو وارننگ جاری کردی ہے کہ سیکیو رٹی کے حوالے سے گو رنمنٹ کی طرف سے جو اقدامات جاری کئے گئے ہیں ان پر بھر پورعمل درامد کریں۔