پیپلز پارٹی نے آج بے نظیر بھٹو کی پانچویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کے لئے اسٹیج تیار کر لیا۔ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے سیاسی سفر کا بھی آج باضابطہ آغاز ہو گا۔
گڑھی خدا بخش میں جلسے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا ری ہے۔ وزیراعلی سندھ سمیت پیپلز پارٹی کے مختلف رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ بے نظیر بھٹو کی برسی اور جلسے میں شرکت کے لئے ملک کے مختلف علاقوں سے پیپلز پارٹی کے کارکن جلوسوں کی شکل میں گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں۔ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی جلسہ عام سے خصوصی خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے اردو اور سندھی میں خطاب کرنے کی خصوصی تیاری کی ہے۔ وزیربلدیات سندھ آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ آج ہونے والا جلسہ تاریخی ہو گا۔ پیپلز پارٹی میڈیا سیل کے انچارج فدا حسین نے دعوی کیا ہے کہ جلسے لاکھوں افراد شریک ہوں گے اور مخالفین کو سندھ میں اپنی حیثیت کا پتا چل جائے گا۔
جلسے کے بعد پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور انتخابی حکمت عملی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔